بھٹکل:23/فروری (ایس او نیوز) ویلفئیر پارٹی آف انڈیا کرناٹکا کے منگلوروزون کا نوجوان بیداری اجلاس 26فروری کو بھٹکل میں منعقد کیا جارہا ہے جس میں شمس الدین سرکل سے بائک ریلی بھی نکالی جائے گی۔ اس بات کی اطلاع ویلفئیر پارٹی آف انڈیا کے ریاستی سکریٹری انور علی کاپو نے دی ۔
جمعرات کی شام تعلقہ کے نجی ہوٹل میں پریس کانفرنس کے ذریعے تفصیلات دیتے ہوئے انورعلی نےبتایا کہ موجودہ سیاسی دنگل میں دائیں بازو ، بائیں بازو سمیت تمام سیاسی پارٹیاں رشوت خوری میں ڈوبی ہوئی ہیں۔ ایسی بدانتظامی کو دور کرنے کے لئے ویلفئیر پارٹی اقدار پر مبنی سیاسی نظام پیش کرتی ہے۔ 20 جنوری سے ریاستی سطح پر نوجوانوں میں بیداری پیدا کرنے مہم جاری ہے، اسی کی مناسبت سے بھٹکل میں نوجوان بیداری کا اجلاس منعقد کیاجارہا ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ 26فروری کی سہ پہر 3بجے بھٹکل کے شمس الدین سرکل سے ریلی کا آغاز ہوگا، یہ ریلی مین روڈ سے ہوتے ہوئے چوک بازار، سلطان اسٹریٹ کے ذریعے پبلک چبوترے پر پہنچ کر اجلاس میں منتقل ہوجائے گی۔ اجلاس میں معماردستور ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے پوتے یشونت امبیڈکر ، وئلفئیر پارٹی کے سابق قومی صدر مجتبیٰ فاروق، ریاستی صدر ڈاکٹر بی ٹی للیتا نایک سمیت ریاست کے کئی مفکر، ادباء، دلت تنظیموں کے نمائندے وغیرہ شریک ہونگے۔ انہوں نے اس موقع پر اترکنڑا ضلع کے تمام نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ زیادہ سے زیادہ اجلاس میں شرکت کریں۔ اس موقع پر ویلفئیر پارٹی آف انڈیا اترکنڑا ضلع کے صدر محمد یونس رکن الدین، جنرل سکریٹری شوکت خطیب، بھٹکل تعلقہ صدر قمر الدین مشائخ ، اجلاس کے ناظم عبدالمجید کولا، سید ابوالاعلیٰ برماور وغیرہ موجود تھے۔